حیدرآباد،8اپریل(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)آسٹریلیا کے کرکٹ کھلاڑی میدان میں چھینٹا کشی کے معاملے میں سب آگے رہتے ہیں۔ گزشتہ ماہ ختم ہوئی ہندوستان اورآسٹریلیا کے درمیان ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دوران کئی بار تنازعہ کی صورت دیکھنے کو ملی تھی۔ دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے درمیان تنازع کے کئی لمحے آئے لیکن آسٹریلیا کے اوپنر ڈیوڈ وارنر نے کہا کہ اس زبانی جنگ کے باوجود وہ اورٹیم انڈیاکے کپتان وراٹ کوہلی اب بھی اچھے دوست ہیں۔ ٹیم انڈیا کے کپتان وراٹ کوہلی نے سیریز کے بعد کہا تھا کہ آسٹریلیا ئی کرکٹراب ان کے دوست نہیں ہیں، اگرچہ بعدمیں وراٹ نے واضح کیا تھا کہ ان کا یہ بیان آسٹریلیا کے تمام کھلاڑیوں کے لئے نہیں تھا۔انہوں نے کہ آئی پی ایل کے آغاز پر میری وراٹ کوہلی سے بات ہوئی تھی، ہم اب بھی دوست ہیں، ہم دونوں نے ایک دوسرے کے ساتھ میسج (ایس ایم ایس) سے بات چیت کی۔سن رائزرس حیدرآباد کے کپتان وارنر نے کہا کہ ہم سب جانتے ہیں کہ ہم سب کے پاس اپنا کام ہوتا ہے، ہم کھلاڑی ہیں، اسی طرح سے کھیل چلتا ہے لیکن اس سے ہٹ کر ہم اب بھی بہت اچھے دوست ہیں۔وارنر نے اپنی ٹیم کے آئی پی ایل دس میں جیت کے ساتھ آغاز پر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ابھی یقینی طور پر نہیں کہہ سکتے کہ بنگلہ دیش کے تیز گیند باز مستفیض الرحمن کب ٹیم سے جڑیں گے۔ اس کے ساتھ انہوں نے صاف کیا کہ موجودہ چمپئن ہونے کا ان کی ٹیم پر کسی طرح کا دباؤ نہیں ہے۔